بین الاقوامی اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا؛ یوکرین اور روس کے درمیان بحری تصادم کا مرکزی میدان اب تک بحیرہ اسود اور بحیرہ ازوف رہا ہے، جہاں دونوں فریق ایک دوسرے کے تجارتی جہازوں اور برآمدی بندرگاہوں کو نشانہ بناتے رہے ہیں، جس سے اناج اور تیل کی ترسیل متاثر ہوئی۔ اب لیبیا کے شہر بنغازی میں روسی جہازوں پر حملے نے اس تنازع کو جنوبی بحیرہ روم تک پھیلا دیا ہے۔ بنغازی مشرقی لیبیا کی اہم تجارتی بندرگاہ ہے اور اسٹراٹیجک "آئل کریسنٹ" کے علاقے کے قریب واقع ہے جہاں سے لیبیا کے تیل کی تقریباً نصف برآمدات انجام پاتی ہیں۔ لیبیا بحیرہ روم کے راستے یورپ کو تیل و گیس فراہم کرنے والا اہم ملک ہے، اور گرین اسٹریم پائپ لائن اس کی گیس برآمدات کا بنیادی راستہ ہے۔

رپورٹ کا خلاصہ:
لیبیا کی بنغازی بندرگاہ پر دو روسی جہازوں سمیت تین بحری جہازوں، کو نشانہ بنایا گیا ہے اور یوکرین نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی جس کے بعد جنوبی بحیرہ روم میں ماسکو اور کیئف کے درمیان تصادم کے نئے محاذ کھلنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔
یوکرین نے دعویٰ کیا کہ اس نے سات ریموٹ کنٹرولڈ بحری ڈرونز سے روسی جنگی جہاز "مرکوری" اور ایک فوجی ہیلی کاپٹر کو نشانہ بنایا، تاہم آزاد ذرائع سے نقصان کی تصدیق نہیں ہوئی۔

لیبیا کے ایک اہلکار کے مطابق کم از کم 10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
بنغازی کے ساحل پر مالٹا کے پرچم والے ایک تجارتی جہاز پر بھی حملہ ہؤا جس کا عملہ بحفاظت نکال لیا گیا۔
یوکرین نے روسی کارگو جہاز "ایم وی انگارا" کو نشانہ بنانے کا بھی دعویٰ کیا اور یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے بھی اس حملے کی تصدیق کی۔

مشرقی لیبیا کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ جہاز ایندھن اور رسد کے لئے رکا تھا۔
اگرچہ اس حملے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ لیبیا کی تیل یا گیس برآمدات فوری طور پر بند ہونگی؛ لیکن "خلیج سرت" اور مشرقی تیل ٹرمینلز تک عدم استحکام پھیلنے سے عالمی منڈیوں میں تیل و گیس کی سپلائی اور قیمتوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔
ادھر لیبیا کی بندرگاہوں و بحری نقل و حمل اتھارٹی نے خبردار کیا ہے کہ سلامتی کے خطرات جہازوں کو اس ملک کے پانیوں سے دور رکھ سکتے ہیں اور بیمہ و نقل و حمل کے اخراجات بڑھا سکتے ہیں۔

چنانچہ یہ حملہ محض ایک فوجی تصادم سے بڑھ کر اس انتباہ کا حامل ہے کہ جنوبی بحیرہ روم ماسکو اور کیئف کے تصادم کا نیا محاذ بن سکتا ہے، جس کے اثرات خطے کی تجارت اور توانائی کی سلامتی پر پڑیں گے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
110
آپ کا تبصرہ